حافظ آباد میں یوم عاشور کے موقعہ پر ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیموں نے مجموعی طور پر 2708 عزاداروں کو طبی امداد فراہم کی

حافظ آباد میں یوم عاشور کے موقعہ پر ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیموں نے مجموعی طور پر 2708 عزاداروں کو طبی امداد فراہم کی جبکہ 37 شدید زخمی وزاداروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ۔

حافظ آباد۔ 28 جون (اے پی پی):حافظ آباد میں یوم عاشور کے موقعہ پر ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیموں نے مجموعی طور پر 2708 عزاداروں کو طبی امداد فراہم کی جبکہ 37 شدید زخمی وزاداروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ۔یوم عاشور کے موقعہ پر پاک فوج کے کمانڈنگ آفیسر بر گیڈئر محمد کاشف نے ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کے ہمراہ ریسکیو بیس کیمپ کے دورہ کے موقعہ پر ریسکیو اہلکاروں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں، اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بروقت کاروائیاں کرنے پر خراج تحسین بھی پیش کیا

ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر ریسکیو 1122 حافظ عبدالرشید کا کہنا تھا کہ سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز، ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارۂ امتیاز) اور ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کی خصوصی ہدایات پر یومِ عاشورہ کے موقع پر ریسکیو 1122 حافظ آباد ہائی الرٹ رہا اور ضلع بھر میں تمام عزاداری پروگراموں کے دوران بھرپور ریسکیو و میڈیکل کور فراہم کیا گیا۔عاشورہ کے جلوسوں کے لیے ریسکیو 1122 کی خصوصی ٹیمیں، ایمبولینسز، موٹر بائیک ایمبولینس سروس اور ریسکیو پوسٹس ہمہ وقت تعینات رہیں۔

یوم عاشور کے موقعہ پر ریسکیو آپریشن کے لیے 215 ریسکیورز، 51 رضاکار، 11 ایمبولینسز، 49 موٹر بائیک ایمبولینسز، 4 فائر وہیکلز اور 1 ریسکیو وہیکل ہمہ وقت خدمات انجام دیتے رہے۔ ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے مجموعی طور پر 2,708 عزاداروں کو طبی سہولیات مہیا کی گئیں۔ 2,671 عزاداروں کو موقع پر فوری طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ 37 شدید زخمی عزاداروں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کے لیے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر حافظ عبدالرشید نے کہا کہ یومِ عاشورہ کے دوران عزاداروں کو بہترین ریسکیو و میڈیکل کور فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ریسکیو 1122 کی معمول کی ایمرجنسی سروسز بھی بلا تعطل جاری رہیں تاکہ عوام کو ہر ممکن بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔مزید برآں پاک فوج کے کمانڈنگ آفیسر بریگیڈیئر محمد کاشف نے یوم عاشور کے موقعہ پر فوراہ چوک قائم ریسکیو کے مرکزی بیس کیمپ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈیوٹی پر موجود ریسکیو اہلکاروں سے فردا فردا ملاقات کی انکی پیشہ وارانہ صلاحیتوں،قابلیت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔