یوسف رضا گیلانی نے ملتان-لودھراں ڈوئل کیرج وے منصوبے کی منظوری حاصل کر لی

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملتان لودھراں شاہراہ کو دو رویہ کرنے کی منظوری حاصل کر لی جبکہ منصوبے کے لیے فنڈز بھی جاری کر دیئے گئے۔یہ منظوری وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے چیئرمین سینیٹ کی درخواست پر دی ہے ۔

اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملتان لودھراں شاہراہ کو دو رویہ کرنے کی منظوری حاصل کر لی جبکہ منصوبے کے لیے فنڈز بھی جاری کر دیئے گئے۔یہ منظوری وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے چیئرمین سینیٹ کی درخواست پر دی ہے ۔ اس منصوبے کی مالی اعانت روڈ مینٹیننس اکاؤنٹ (آر ایم اے) فنڈ کے ذریعے کی جائے گی۔62 کلومیٹر کے اس منصوبے پر 4.6 ارب روپے لاگت کا تخمینہ ہے اور ایک سال میں مکمل ہونے کی امید ہے۔ منصوبہ کا تعمیراتی کام آئندہ ماہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

منصوبہ میں 44.8 کلومیٹر موجودہ سڑک کو دو رویہ تعمیر کیا جائے گا جبکہ سڑک کی حفاظت اور ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنایا جائے گا۔ملتان لودھراں روڈ برسوں سے خستہ حالی کا شکار ہے جس سے مسافروں، ٹرانسپورٹرز اور مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے سفر کے وقت میں کمی، سڑک کی حفاظت کو بہتر بنانے اور ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات کی فراہمی کی توقع ہے۔منظوری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئےچیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملتان اور لودھراں کے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سڑک کی تعمیر نو اور دوہرا کرنے سے عوام کو محفوظ، تیز اور بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے دیرینہ مسائل کو پائیدار ترقی کے ذریعے حل کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔چیئرمین سینیٹ نے معاشی ترقی اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے جنوبی پنجاب میں انفراسٹرکچر اور عوامی خدمات کو بہتر بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا۔