شہید تاج محمد آفریدی کی خدمات ناقابلِ فراموش، فاٹا کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، انجینئر امیر مقام

وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ مرحوم شہید تاج محمد آفریدی ایک باصلاحیت سیاسی رہنما، مخلص کارکن، ممتاز کاروباری شخصیت اور عوام دوست انسان تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت، فلاح و بہبود اور قبائلی عوام کے حقوق کے لیے وقف کیے رکھی۔ وہ پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں …

پشاور۔ 28 جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ مرحوم شہید تاج محمد آفریدی ایک باصلاحیت سیاسی رہنما، مخلص کارکن، ممتاز کاروباری شخصیت اور عوام دوست انسان تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت، فلاح و بہبود اور قبائلی عوام کے حقوق کے لیے وقف کیے رکھی۔ وہ پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں مرحوم تاج محمد آفریدی کے ایصالِ ثواب کے لیے منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر انجینئرامیر مقام نے کہا کہ تاج محمد آفریدی ہمیشہ عوام کے درمیان رہنے کو ترجیح دیتے تھے، وہ انتہائی محنتی، خدا ترس، غریب پرور اور باکردار شخصیت کے مالک تھے جو ضرورت مندوں کی مدد کو اپنا فرض سمجھتے تھے، ان کی کاوشوں سے ہزاروں افراد کے مسائل حل ہوئے جس کی وجہ سے وہ عوام میں بے حد مقبول اور ہر دلعزیز تھے۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران ان کا الحاج خاندان کے ساتھ نہایت قریبی تعلق رہا، میں نے الحاج خاندان کو ہمیشہ انتہائی وفادار، محنتی اور خدا ترس پایا، یہ خاندان خدمتِ خلق اور اپنے اصولی مؤقف کی وجہ سے ہمیشہ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تاج محمد آفریدی کی وفات صرف ان کے خاندان یا سابق فاٹا کے عوام کا نقصان نہیں بلکہ پورے خیبر پختونخوا کی سیاسی، سماجی اور کاروباری برادری کےلیے ایک بڑا سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی عوامی، سماجی اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انجینئرامیر مقام نے کہا کہ تاج محمد آفریدی اور ان کے بھائی نے سابق فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے عمل میں اہم کردار ادا کیا اور قبائلی عوام کے حقوق کےلیے بھرپور جدوجہد کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان شاء اللہ وہ وقت ضرور آئے گا جب ان کی جدوجہد کے ثمرات مکمل طور پر عوام تک پہنچیں گے

۔ انہوں نے سابق فاٹا کے عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی، میں اپنی جانب سے اور پارٹی قیادت کی طرف سے یقین دلاتا ہوں کہ ہم قبائلی اضلاع کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حقوق، ترقی، خوشحالی اور پائیدار امن کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتے رہیں گے۔تعزیتی ریفرنس سے رکن قومی اسمبلی ثمر ہارون بلور اور رکن صوبائی اسمبلی طارق اعوان نے بھی خطاب کیا اور مرحوم تاج محمد آفریدی کی سیاسی، سماجی اور فلاحی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

تقریب میں الحاج شاہ جی گل، اقبال ظفر جھگڑا، رحمت سلام خٹک، نوابزادہ محسن علی، موجودہ و سابق ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی، مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، کاروباری برادری کے نمائندوں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے مرحوم تاج محمد آفریدی کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ تعزیتی ریفرنس کا اہتمام مسلم لیگی ورکرز ، عمران خان، ملک زڑہ ور خان اور میر ویس شنواری نے کیا تھا۔