چین میں تعینات پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے چینی سرمایہ کاروں کے وفد کے ہمراہ گلگت کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران وفد نے خصوصی طور پر مقپون داس اسپیشل اکنامک زون کا دورہ کیا اور تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان سمیت تمام متعلقہ سیکرٹریز، ڈائریکٹر جنرل بورڈ آف انویسٹمنٹ بھی موجود تھے۔
چین میں تعینات پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی کا گلگت کا دورہ، مقپون داس اسپیشل اکنامک زون میں چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی

مزید خبریں
گلگت۔ 28 جون (اے پی پی):چین میں تعینات پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے چینی سرمایہ کاروں کے وفد کے ہمراہ گلگت کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران وفد نے خصوصی طور پر مقپون داس اسپیشل اکنامک زون کا دورہ کیا اور تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان سمیت تمام متعلقہ سیکرٹریز، ڈائریکٹر جنرل بورڈ آف انویسٹمنٹ بھی موجود تھے۔ سیکریٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ شاہزیب شیخ نے مہمانوں کو اسپیشل اکنامک زون کی سہولیات، پالیسی فریم ورک اور سرمایہ کاری کے مواقع پر جامع بریفنگ دی۔
بریفنگ سن کر سفیر خلیل ہاشمی نے زون کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے خطے کی معاشی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔وفد میں شامل چینی سرمایہ کاروں نے گلگت بلتستان میں ٹورزم، زراعت اور پن بجلی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے وفد کو یقین دلایا کہ گلگت بلتستان حکومت سنجیدہ اور حقیقی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولیات اور تعاون فراہم کرنے کے لیے مکمل تیار ہے۔اس موقع پر سیکریٹری کامرس نے سفیر کو گلگت بلتستان کی مقامی مصنوعات چین برآمد کرتے وقت درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے خصوصاً خنجراب بارڈر پاس کے ذریعے سنکیانگ صوبے تک رسائی میں حائل رکاوٹوں کا ذکر کیا۔
سفیر خلیل ہاشمی نے اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر چینی حکومت کے ساتھ اٹھانے اور حل کروانے کی یقین دہانی کرائی۔ماہرین کے مطابق سفیر کے اس دورے اور چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی سے گلگت بلتستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا نیا باب کھلنے کی توقع ہے، جس سے مقامی روزگار اور معیشت کو بڑا فروغ ملے گا۔







