لاہور ،لیسکو ہیڈکوارٹر میں گریڈ 20 میں ٹائم اسکیل اپ گریڈیشن حاصل کرنے والے 17 افسران کے اعزاز میں تقریب

لیسکو ہیڈکوارٹر میں گریڈ 20 میں ٹائم اسکیل اپ گریڈیشن حاصل کرنے والے 17 افسران کے اعزاز میں پیر کے روز یہاں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

لاہور۔29جون (اے پی پی):لیسکو ہیڈکوارٹر میں گریڈ 20 میں ٹائم اسکیل اپ گریڈیشن حاصل کرنے والے 17 افسران کے اعزاز میں پیر کے روز یہاں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز لیسکو طاہر بشارت چیمہ تھے جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طاہر بشارت چیمہ نے تمام افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف ان افسران بلکہ پورے ادارے کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقی پانے والے افسران آئندہ بھی اسی لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ ادارے کی خدمت جاری رکھیں گے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے بھی افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لیسکو کی ترقی اس کے محنتی اور باصلاحیت افسران کی مرہونِ منت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقی پانے والے افسران پہلے سے زیادہ عزم اور ذمہ داری کے ساتھ ادارے اور صارفین کی بہتر خدمت کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔تقریب کے اختتام پر طاہر بشارت چیمہ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد رمضان بٹ نے 17 افسران میں اپ گریڈیشن لیٹرز تقسیم کیے۔ ٹائم اسکیل اپ گریڈیشن حاصل کرنے والوں میں نثار سرور، محمد فاروق عمر، محمد وسیم اقبال، محمد شعیب عاصم، عمر بلال، عقیل ظفر سلہری، محمد وقاص ظفر، ریحان فضل، محمد حسین، محمد اصغر، سید قربان علی شاہ، رانا رضوان صبغت اللہ، معصومہ عادل، ہما چیمہ، محمد عاطف، محمد جاوید اور فرقان علی غضنفر شامل ہیں۔