یکم تا 6 جولائی تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان

پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر میں آندھی بارشوں اور ژالہ باری بارے الرٹ جاری کرتے ہوئے یکم تا 6 جولائی تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشکی پیشنگوئی کی ہے۔

لاہور۔29جون (اے پی پی):پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر میں آندھی بارشوں اور ژالہ باری بارے الرٹ جاری کرتے ہوئے یکم تا 6 جولائی تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشکی پیشنگوئی کی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق یکم جولائی سے لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہائوالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، شیخوپورہ اور نارووال میں بارش کا امکان ہے جبکہ 3 تا 6 جولائی تک ساہیوال، نارووال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، قصور، نورپور تھل، بھکر، لیہ، میانوالی، بہاولپور، ڈی جی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے۔ ترجمان کے مطابق راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایات کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری آسمانی بجلی سے بچاو کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں ،گرج چمک کے دوران کھلے مقامات تلے ہرگز نہ جائیں۔گردوغبار اور تیز آندھی کے پیش نظر بھی محفوظ مقامات پر رہیں۔ڈی جی عمر جاوید نے کہا کہ کسان اپنی تمام تر پیشگی اقدامات موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں۔سیاح شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔