آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل سے قبل ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز کو سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف مکمل تیاری کا عزم ظاہر کیا ہے۔
آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ سیمی فائنل سے قبل ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز کو بڑا خطرہ قرار دیدیا

مزید خبریں
لاہور۔30جون (اے پی پی):آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل سے قبل ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز کو سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف مکمل تیاری کا عزم ظاہر کیا ہے۔ عالمی نمبر ایک آسٹریلیا نے گروپ مرحلے میں اپنے تمام میچ جیت کر لارڈز میں بھارت کو شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ ویسٹ انڈیز نے مشکل مرحلے سے گزر کر آخری چار ٹیموں میں رسائی حاصل کی۔ آئی سی سی ترجمان کے مطابق ہیلی میتھیوز نے اعتراف کیا کہ وہ اب تک ٹورنامنٹ میں اپنی بہترین کارکردگی پیش نہیں کر سکیں اور پانچ اننگز میں صرف 115 رنز بنا سکی ہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کو شکست دینے کے لیے ٹیم کے بڑے کھلاڑیوں کو غیر معمولی کھیل پیش کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق صرف ایک کھلاڑی کے اچھا کھیلنے سے کامیابی ممکن نہیں بلکہ پوری ٹیم کو ہر شعبے میں بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ علیا ایلین اور جہزارا کلاکسن جیسے کھلاڑیوں نے پورے ٹورنامنٹ میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ وہ خود اور ڈیانڈرا ڈوٹن بھی اب تک اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیل پیش نہیں کر سکیں، جس سے ٹیم میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے سیمی فائنل میں بڑے کھلاڑی ذمہ داری نبھائیں گے اور آسٹریلیا کو سخت مقابلہ دیں گے۔آسٹریلیا کی تجربہ کار آل راونڈر ایلیس پیری نے کہا کہ دس سال پہلے کے نتائج کو موجودہ مقابلے سے جوڑنا درست نہیں کیونکہ اس عرصے میں کرکٹ بہت بدل چکی ہے، دونوں ٹیمیں حالیہ مہینوں میں کئی مرتبہ ایک دوسرے کے خلاف کھیل چکی ہیں، اس لیے دونوں ایک دوسرے کی طاقت اور کمزوریوں سے بخوبی واقف ہیں۔آسٹریلوی آل راونڈر ایش گارڈنر نے کہا کہ ویسٹ انڈیز بھارت سے بالکل مختلف حریف ہے کیونکہ اس کی ٹیم میں تجربہ، طاقت اور جارحانہ انداز رکھنے والے کھلاڑی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی میتھیوز کسی بھی وقت میچ کا نقشہ بدل سکتی ہیں، جبکہ ڈیانڈرا ڈوٹن بیٹنگ، بالنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔








