وینزویلا میں پے درپے آنے والے شدید زلزلوں سے متاثرہ 18 لاکھ افراد کو ہنگامی بنیادوں پر امداد کی ضرورت ہے جن میں سے 6 لاکھ 80 ہزار بچے ہیں۔
وینزویلا زلزلوں سے متاثر 18 لاکھ افراد کو ہنگامی بنیادوں پر امداد کی ضرورت ہے، یونیسف

مزید خبریں
جنیوا۔30جون (اے پی پی):وینزویلا میں پے درپے آنے والے شدید زلزلوں سے متاثرہ 18 لاکھ افراد کو ہنگامی بنیادوں پر امداد کی ضرورت ہے جن میں سے 6 لاکھ 80 ہزار بچے ہیں۔ بچوں کے لئے اقوام متحدہ کے فنڈ (یونیسف) کی رپورٹ کے مطابق وینزویلا میں ہسپتالوں میں گنجائش سے کہیں زیادہ زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور ہزاروں بچوں کو صاف پانی تک قابل اعتماد رسائی نہیں ہے ، زلزلوں سے بہت سے سکولوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ صرف دارالحکومت کراکس میں 432 سکولوں کو زلزلوں سے نقصان پہنچا ہے جو شہر کے کل سکولوں کا ایک تہائی ہیں جبکہ زلزلوں میں نقصان سے بچ جانے والے سکولوں کو عارضی طور پر پناہ گاہوں کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ وینزویلا میں زلزلوں کے بعد 27 ممالک کے 2,200 سے زیادہ امدادی کارکنان سرچ اینڈ ریسکیو کی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔اقوام متحدہ کے اداروں کی معاونت سے جاری ان کارروائیوں میں 140 کتوں کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔ بیان کے مطابق یونیسف نے 650,000 افراد جن میں 234,000 بچے بھی شامل ہیں کو بنیادی ضرورت کی اشیا فراہم کی ہیں۔ یونیسف کی پہلی پرواز، 20 میٹرک ٹن طبی سامان کے ساتھ ساتھ پانی اور صفائی کا سامان لے کر جمعہ کو وینزویلا پہنچی تھی جبکہ کوپن ہیگن میں یونیسیف کے عالمی سپلائی مرکز سے دوسری کھیپ آنے والے دنوں میں متوقع ہے۔زلزلوں کے بعد وینزویلا کا مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈہ پوری طرح کام نہیں کر رہا۔








