ملائیشیا کا ڈیجیٹل معیشت کا جی ڈی پی میں حصہ 30 فیصد تک بڑھانے ، پانچ لاکھ ملازمتیں پیدا کرنے کا ہدف

ملائیشیا نے ملائیشیا ڈیجیٹل 2030منصوبے کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت 2030 تک ڈیجیٹل معیشت کا مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں حصہ 30 فیصد تک بڑھانے اور پانچ لاکھ اعلیٰ معیار کی ملازمتیں پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

کوالالمپور۔30جون (اے پی پی):ملائیشیا نے ملائیشیا ڈیجیٹل 2030منصوبے کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت 2030 تک ڈیجیٹل معیشت کا مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں حصہ 30 فیصد تک بڑھانے اور پانچ لاکھ اعلیٰ معیار کی ملازمتیں پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔شنہوا کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نےاس منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے وزارتِ ڈیجیٹل کو 2030 تک ملک کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ریاست میں تبدیل کرنے کی ذمہ داری سونپی۔وزارتِ ڈیجیٹل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس منصوبے کے تحت حکومتی اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے 4.5 ارب رنگٹ کی بچت حاصل کرنے اور 95 فیصد سرکاری خدمات مکمل طور پر آن لائن فراہم کرنے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔ڈیجیٹل امور کے وزیر گوبند سنگھ دیو نے کہا کہ ملائیشیا ڈیجیٹل 2030 ملائیشیا کی ترقیاتی حکمتِ عملی میں ایک اہم تبدیلی کی علامت ہے، جس کے تحت ملک صرف ٹیکنالوجی استعمال کرنے والا نہیں بلکہ مقامی سطح پر ڈیجیٹل جدت پیدا کرنے والا ملک بنے گا۔اس منصوبے پر حکومت، معیشت، بنیادی ڈھانچے، افرادی قوت، معاشرے، اعتماد و سلامتی اور جدت پر مشتمل سات سٹریٹجک ستونوں کے تحت عمل درآمد کیا جائے گا۔