سعودی عرب نے فلسطینی عوام کے لیے امدادی مہم کے ایک حصے کے طور پر شاہ سلمان مرکز کے ذریعے نیا قافلہ غزہ بھیجا ہے، جس میں بڑی تعداد میں فوڈ باسکٹس اور خیمےشامل ہیں۔
سعودی عرب کا نیا امدادی قافلہ غزہ پہنچ گیا، کھانے کے25 ہزار پیکٹ تقسیم
غزہ۔30جون (اے پی پی):سعودی عرب نے فلسطینی عوام کے لیے امدادی مہم کے ایک حصے کے طور پر شاہ سلمان مرکز کے ذریعے نیا قافلہ غزہ بھیجا ہے، جس میں بڑی تعداد میں فوڈ باسکٹس اور خیمےشامل ہیں۔ اردو نیوز کے مطابق سعودی سینٹر فار کلچر اینڈ ہیریٹج، جو غزہ کی پٹی میں شاہ سلمان مرکز کا ایگزیکٹیو پارٹنر ہے، کی فیلڈ ٹیمیں ایک منظم میکانزم کے تحت ضرورت مند خاندانوں میں فوڈ باسکٹس تقسیم کریں گی، یہ سینٹر بے گھر افراد کو خیمے بھی فراہم کرے گا۔ علاوہ ازیں سعودی امدادی ایجنسی کے سینٹرل کچن نے وسطی اور جنوبی غزہ میں انتہائی ضرورت مند افرادمیںگرم کھانے کے 25 ہزار پیکٹ تقسیم کیے ہیں۔
یہ کوششیں فلسطینی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جاری مملکت کے انسانی کردار کا حصہ ہیں جو شاہ سلمان مرکز کے ذریعے فلسطینیوں کے مصائب کو کم کرنے اور جاری انسانی بحران سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے کی جا رہی ہیں۔ یاد رہے کہ 2023 میں اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سعودی عرب نے امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز کے ذریعے فضائی اور بحری امدادی پل قائم کیے اور اب تک ہزاروں ٹن سے زیادہ امداد فراہم کی گئی ،جس میں خوراک، طبی سامان، آلات اور شیلٹر شامل ہیں۔ سینکڑوں امدادی ٹرک خوراک اور طبی امداد لے کرغزہ پہنچے۔ اس کے علاوہ فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کو 20 ایمبولینسں فراہم کی ہیں۔









