وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نےکہا ہے کہ پارلیمان عوام کی امنگوں کی حقیقی ترجمان اور جمہوری نظام کا مضبوط ترین ستون ہے۔
پارلیمان عوام کی امنگوں کی حقیقی ترجمان اور جمہوری نظام کا مضبوط ترین ستون ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 30 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نےکہا ہے کہ پارلیمان عوام کی امنگوں کی حقیقی ترجمان اور جمہوری نظام کا مضبوط ترین ستون ہے۔ انہوں نے منگل کو عالمی یومِ پارلیمان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایک مضبوط، فعال اور بااختیار پارلیمان ہی عوامی نمائندگی، موثر قانون سازی، احتساب اور شفاف حکمرانی کو یقینی بنانے کی ضامن ہوتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عالمی یومِ پارلیمان ہمیں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی خدمت کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری معاشروں کی ترقی کا انحصار ایسے مضبوط پارلیمانی اداروں پر ہے جو عوام کی خواہشات کے مطابق قانون سازی کریں اور قومی مفاد کو مقدم رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت مضبوط، بااختیار اور موثر پارلیمانی روایات کے فروغ پر یقین رکھتی ہے اور صوبے میں جمہوری اداروں کے استحکام، شفافیت، جوابدہی اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی عوام کے مسائل کے حل، موثر قانون سازی، عوامی مفادات کے تحفظ اور شفاف طرزِ حکمرانی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور منتخب عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے آئین و قانون کی پاسداری اور قومی مفاد کو ہر حال میں مقدم رکھیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جمہوری اداروں کا استحکام، آئینی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عوامی اعتماد ہی پاکستان کے روشن، مستحکم اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت جمہوری اقدار، مضبوط پارلیمانی نظام اور عوامی خدمت کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔








