استور ،نو منتخب اراکینِ اسمبلی کی سیکرٹری تعلیم سے اہم ملاقات، تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے عملی اقدامات پر اتفاق

ضلع استور کے نو منتخب اراکینِ اسمبلی رانا محمد فاروق، رانا فرمان علی اور جسٹس (ر) صاحب خان نے سیکرٹری تعلیم عثمان احمد سے اہم ملاقات کی،

استور ۔30 جون (اے پی پی):ضلع استور کے نو منتخب اراکینِ اسمبلی رانا محمد فاروق، رانا فرمان علی اور جسٹس (ر) صاحب خان نے سیکرٹری تعلیم عثمان احمد سے اہم ملاقات کی، جس میں ضلع استور سمیت گلگت بلتستان کے تعلیمی نظام کو مزید مؤثر، جدید اور معیاری بنانے سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، تعلیمی معیار میں بہتری، اساتذہ کی استعداد کار میں اضافہ، طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے اور ہر بچے تک تعلیم کی رسائی یقینی بنانے کے حوالے سے جامع مشاورت کی گئی۔اس موقع پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیم ہی قوموں کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات محض ایک رسمی نشست نہیں بلکہ ضلع استور کے تعلیمی مستقبل کی مؤثر منصوبہ بندی کا آغاز ہے، جس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔نو منتخب اراکینِ اسمبلی نے اس بات پر زور دیا کہ عوام سے کیے گئے وعدوں کے مطابق تعلیمی شعبے میں عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ہر بچے کو معیاری تعلیم کے مساوی مواقع میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، تعلیمی ماحول کی بہتری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اصلاحات ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

سیکرٹری تعلیم عثمان احمد نے بھی تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ گلگت بلتستان کے تمام بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جائے اور تعلیمی اداروں کو جدید تقاضوں کے مطابق مضبوط بنایا جائے۔ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ "تعلیم یافتہ استور، روشن استور” کے وژن کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے کام کریں گے، کیونکہ قوموں کی ترقی تعلیم سے وابستہ ہے، اور یہی مشن ہے، یہی منزل ہے۔

مزید خبریں