داسو ہائیڈور پاور پراجیکٹ پر فل سکیل آر سی سی ٹرائل کا آغاز

داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نے ایک اور اہم تعمیراتی ہدف حاصل کر لیا، پراجیکٹ پر فل سکیل رولر کمپیکٹڈ کنکریٹ ( آر سی سی) ٹرائل کا آغاز کر دیا گیا۔ترجمان واپڈا کے مطابق یہ فل سکیل ٹرائل پراجیکٹ کے مین ڈیم پر آر سی سی ورکس شروع کرنے سے پہلے ایک لازمی مرحلہ ہے۔

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نے ایک اور اہم تعمیراتی ہدف حاصل کر لیا، پراجیکٹ پر فل سکیل رولر کمپیکٹڈ کنکریٹ ( آر سی سی) ٹرائل کا آغاز کر دیا گیا۔ترجمان واپڈا کے مطابق یہ فل سکیل ٹرائل پراجیکٹ کے مین ڈیم پر آر سی سی ورکس شروع کرنے سے پہلے ایک لازمی مرحلہ ہے۔

انجینئرز اور تکنیکی ماہرین پر مشتمل ٹیم مین ڈیم سائٹ کے قریب واقع ٹرائل سیکشن میں آر سی سی بچھانے کے فل سکیل ٹرائل میں مصروف ہیں جس کا مقصد تعمیراتی طریقہ کار کی جانچ اور توثیق، تعمیر کے یکساں اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنانا، لاجسٹک اور آپریشنل سسٹم کا جائزہ لینا، ممکنہ تکنیکی چیلنجز کی نشاندہی کرنا اور پراجیکٹ پر موجود افرادی قوت کو عملی تربیت فراہم کرنا ہے۔

ٹیسٹنگ سمیت یہ فل سکیل ٹرائل چار ماہ تک جاری رہیں گے۔ کنٹریکٹر، کنسلٹنٹس اور واپڈا کی ٹیمیں ٹرائل کے تمام تکنیکی پہلوؤں کا تفصیلی تجزیہ کریں گی، ٹرائل کی کامیاب تکمیل کے بعد مین ڈیم پر آر سی سی ورکس کا باقاعدہ آغاز رواں سال کے آخر میں شیڈول ہے، تاہم مین ڈیم پر آر سی سی ورکس کا آغاز گنی ایریا سے درکار تعمیراتی میٹریل پوزولان کی دستیابی پر منحصر ہے، گزشتہ 10 سال پر محیط کوششوں کے باوجود گنی ایریا کی تحویل واپڈا کو نہیں مل پائی ہے۔فل سکیل آر سی سی ٹرائل کے ساتھ ساتھ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے 23 مختلف ورک فرنٹس پر تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔

ان ورک فرنٹس میں مین ڈیم کی بنیاد، زیرِ زمین پاور ہاؤس اور زیرِ زمین ٹرانسفارمر ہال قابل ذکر ہیں۔ آر سی سی کی تیاری کے لیے درکار کرشنگ اور بیچنگ پلانٹس مکمل طور پر فعال ہیں۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ بجلی کی سالانہ پیداوار کے لحاظ سے داسو پاکستان کا سب سے بڑا پن بجلی منصوبہ ہے، جو نیشنل گرڈ کو ہر سال21 ارب یونٹ بجلی فراہم کرے گا۔پراجیکٹ کی پیداواری صلاحیت 4ہزار 320 میگاواٹ ہے اور اسے دو مراحل میں مکمل کیا جا رہا ہے۔

مرحلے کی پیداواری صلاحیت 2 ہزار 160 میگاواٹ ہے۔ واپڈا اس وقت پراجیکٹ کے پہلے مرحلے پر کام کر رہا ہے، جس کی تکمیل کے بعد قومی گرڈ کو سالانہ 12 ارب یونٹ صاف، ماحول دوست اور کم لاگت بجلی فراہم کی جائے گی۔

مزید خبریں