وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی زیر صدارت اکیڈمک کونسل کا اجلاس، تدریسی نظام کو موثر بنانے کے لیے متعدد فیصلوں کی منظوری
وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی زیر صدارت اکیڈمک کونسل کا اجلاس، تدریسی نظام کو موثر بنانے کے لیے متعدد فیصلوں کی منظوری

مزید خبریں
اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت اکیڈمک کونسل کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں یونیورسٹی کے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پروگرام متعارف کرانے اور تدریسی نظام کو موثر بنانے کے لیے متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ کانووکیشن سے گولڈ، سلور اور برونز میڈلز کے حصول کے لیے کم از کم 3.00 سی جی پی اے لازمی ہوگا تاکہ نمایاں تعلیمی کارکردگی کا اعتراف کیا جا سکے۔ اکیڈمک کونسل نے بی ایس اِن ماس کمیونیکیشن پروگرام کا نام تبدیل کرکے بیچلر آف سٹڈیز ان میڈیا اینڈ ماس کمیونیکیشن رکھنے کی منظوری دی۔
علاوہ ازیں ماس کمیونیکیشن کے 10 سرٹیفکیٹ کورسز سمیت مختلف شعبوں کے نئے ایسوسی ایٹ ڈگری اور بی ایس پروگرامز کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں سمسٹر خزاں 2026 سے ایف ایس سی پری میڈیکل اور ایف ایس سی پری انجینئرنگ پروگرامز شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی جس سے سائنس کی تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند طلبہ کو مزید تعلیمی مواقع میسر آئیں گے۔ اکیڈمک کونسل نے ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے ڈھانچے میں بھی تبدیلی کی منظوری دیتے ہوئے فیصلہ کیا کہ ہر فیکلٹی آئندہ ایک ایم فل اور ایک پی ایچ ڈی پروگرام پیش کرے گی جن میں مختلف سپیشلائزیشنز شامل ہوں گی۔
اس اقدام کا مقصد طلبہ کی بہتر انتظام کاری، تعلیمی معیار میں بہتری اور یونیورسٹی کے وسائل کا موثر استعمال یقینی بنانا ہے۔ اجلاس میں منظور کیے گئے فیصلوں کی حتمی توثیق ایگزیکٹو کونسل سے حاصل کی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمک کونسل کے فیصلے تعلیمی معیار کو مزید مستحکم کرنے اور طلبہ کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔








