سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت، ضوابط و رابطہ کے چیئرمین سینیٹر امیر ولی الدین چشتی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں جن کی ترسیلاتِ زر، سرمایہ کاری، مہارت اور عالمی سطح پر مثبت کردار پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کلیدی اہمیت رکھتے ہیں
حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے لئے سرمایہ کاری اور قومی ترقی میں شمولیت آسان بنانے کے لئے ادارہ جاتی نظام مزید مضبوط بنا رہی ہے، سینیٹر امیر ولی الدین

مزید خبریں
لندن/اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت، ضوابط و رابطہ کے چیئرمین سینیٹر امیر ولی الدین چشتی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں جن کی ترسیلاتِ زر، سرمایہ کاری، مہارت اور عالمی سطح پر مثبت کردار پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کلیدی اہمیت رکھتے ہیں، انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی میں اپنا کردار مزید مؤثر بنائیں۔یہ بات انہوں نے لندن میں پاکستان ہائی کمیشن اور بینک آف پنجاب کے اشتراک سے منعقدہ خصوصی تقریب "ان لاکنگ ڈائسپورا کیپٹل” سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
تقریب میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں، پالیسی سازوں اور مالیاتی شعبے سے وابستہ شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کے لئے سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنا اور ان کے ساتھ اقتصادی روابط کو مزید مستحکم بنانا تھا۔تقریب کے شرکاء کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی جسے سرمایہ کاری، بچت، مالی سہولیات اور خیراتی سرگرمیوں کے لئے ایک جامع مالیاتی پلیٹ فارم قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کے ابھرتے ہوئے مواقع سے بھی آگاہ کیا گیا۔
سینیٹر امیر ولی الدین چشتی نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے لئے سرمایہ کاری اور قومی ترقی میں مؤثر شمولیت کو آسان بنانے کے لئے ادارہ جاتی نظام کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ جیسے اقدامات نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں براہِ راست حصہ لینے کے نئے امکانات پیدا کئے ہیں۔تقریب سے برطانیہ میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر حسیب بن عزیز اور بینک آف پنجاب کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ظفر مسعود نے بھی خطاب کیا۔
انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے مالیاتی شمولیت کے فروغ اور پاکستان میں دستیاب متنوع سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔تقریب کے شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے حکومت پاکستان، مالیاتی اداروں اور اوورسیز پاکستانی برادری کے درمیان مسلسل رابطوں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا تاکہ ڈائسپورا کی سرمایہ کاری کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لا کر پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔








