الحمرا میں حکومتِ پنجاب کے ای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم کے موثر نفاذ پر تربیتی سیشن کا انعقاد

لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں حکومتِ پنجاب کے ای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم کے موثر نفاذ کے حوالے سے ایک جامع تربیتی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں الحمرا کے افسران اور متعلقہ عملے نے بھرپور شرکت کی

لاہور۔1جولائی (اے پی پی):لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں حکومتِ پنجاب کے ای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم کے موثر نفاذ کے حوالے سے ایک جامع تربیتی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں الحمرا کے افسران اور متعلقہ عملے نے بھرپور شرکت کی۔اس حوالے سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا محمد نواز گوندل نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے متعارف کرایا گیا ای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم جدیت کی جانب ایک موثر قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمرا میں اس نظام کے مکمل نفاذ سے دفتری امور مزید منظم، شفاف اور تیز رفتار ہوں گے، جبکہ سرکاری وسائل کا موثر استعمال بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔تربیتی سیشن میں پروگرام مینیجر زید بن طارق نے شرکا کو ای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم کے مختلف پہلوں سے تفصیلی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس جدید نظام کا مقصد سرکاری دفتری امور کو مکمل طور پر ڈیجیٹل، شفاف، تیز رفتار اور موثر بنانا ہے تاکہ فائلوں کی نقل و حرکت، نوٹنگ، منظوری، مراسلت، ریکارڈ کی حفاظت اور دفتری کارروائی کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے شرکا کو ای فائل کی تیاری، الیکٹرانک نوٹنگ، ڈیجیٹل منظوری، فائل ٹریکنگ، دفتری دستاویزات کی محفوظ ڈیجیٹل آرکائیونگ، سرکاری مراسلت کے جدید طریقہ کار، صارفین کی ذمہ داریوں، ڈیٹا سکیورٹی، ریکارڈ مینجمنٹ اور سسٹم کے موثر استعمال کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کی۔ اس دوران نظام کے مختلف مراحل کی عملی مشق بھی کروائی گئی تاکہ افسران روزمرہ دفتری امور میں اس نظام کو باآسانی استعمال کر سکیں۔تربیتی سیشن کے دوران شرکا نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا، مختلف تکنیکی اور انتظامی امور سے متعلق سوالات کیے، جن کے پروگرام مینیجر نے تفصیلی اور تسلی بخش جوابات دئیے۔ افسران نے اس جدید نظام کو سرکاری امور میں شفافیت، رفتار اور معیار کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔واضح رہے پروگرام کا نفاذ الحمرا کو حکومتِ پنجاب کی ڈیجیٹل گورننس پالیسی پر مکمل عمل درآمد کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ادارے کی انتظامی استعداد اور عوامی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنائے گا۔