استور ،ضلع میں یکم جولائی سے 5 جولائی تک تیز بارش، گرج چمک اور آندھی کی پیشگوئی، انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا

محکمہ موسمیات کی جانب سے یکم جولائی سے 5 جولائی تک ضلع استور میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے عوام اور سیاحوں کے لیے احتیاطی ہدایات جاری کر دی ہیں

استور۔ 01 جولائی (اے پی پی):محکمہ موسمیات کی جانب سے یکم جولائی سے 5 جولائی تک ضلع استور میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے عوام اور سیاحوں کے لیے احتیاطی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق مذکورہ دنوں کے دوران خراب موسم کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور آمدورفت میں مشکلات کا خدشہ ہے۔ عوام الناس اور ملک بھر سے آنے والے معزز سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ سفر شروع کرنے سے قبل موسم کی تازہ صورتحال سے ضرور آگاہی حاصل کریں اور بارش یا آندھی کی صورت میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ دورانِ سفر کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا پریشانی سے محفوظ رہا جا سکے۔انتظامیہ نے بالخصوص ندی نالوں، پہاڑی علاقوں اور نشیبی مقامات کے قریب رہائش پذیر افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان دنوں خصوصی احتیاط برتیں، موسم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے بروقت حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں، غیر ضروری طور پر ندی نالوں اور خطرناک مقامات کا رخ نہ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں