ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کا ہیلتھ ریفارمز پروگرام کے تحت چلڈرن کا اچانک دورہ

وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہیلتھ ریفارمز پروگرام کے تحت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے چلڈرن ہسپتال گوجرانوالہ کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی و انتظامی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی، آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی)، مختلف وارڈز اور دیگر اہم شعبہ جات کا معائنہ کیا

گوجرانوالہ۔ 01 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہیلتھ ریفارمز پروگرام کے تحت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے چلڈرن ہسپتال گوجرانوالہ کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی و انتظامی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی، آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی)، مختلف وارڈز اور دیگر اہم شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کی ڈیوٹی روسٹر کے مطابق حاضری بھی چیک کی اور ہسپتال میں نظم و ضبط اور خدمات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، علاج و معالجہ کے انتظامات، ادویات کی دستیابی اور صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کا بغور معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے زیر علاج بچوں کے والدین سے ملاقات کی، ہسپتال کے انتظامات کے حوالے سے ان کی آراء حاصل کیں اور درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے اور طبی عملے کی بروقت حاضری کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

مزید خبریں