انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم کی زیر صدارت اجلاس میں چینی و دیگر غیر ملکی ماہرین اور باشندوں کی سکیورٹی، نیز افغان باشندوں سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلا سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت چینی و دیگر غیر ملکی ماہرین اور باشندوں کی سکیورٹی بارے جائزہ اجلاس

مزید خبریں
لاہور۔2جولائی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم کی زیر صدارت اجلاس میں چینی و دیگر غیر ملکی ماہرین اور باشندوں کی سکیورٹی، نیز افغان باشندوں سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلا سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ترجمان پولیس کے مطابق اجلاس میں اے آئی جی آپریشنز زاہد نواز مروت نے تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ چینی قونصل خانوں، چینی و دیگر غیر ملکی ماہرین اور باشندوں کی رہائش گاہوں اور ورک پلیسز کی سکیورٹی مزید موثر بنائی جائے، جبکہ ان کی نقل و حرکت کے دوران بھی حفاظتی انتظامات سخت کیے جائیں۔آئی جی پنجاب نے افغان باشندوں سمیت تمام غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں اور تارکین وطن کے انخلا کی مہم میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔انہوں نے بین الصوبائی سرحدی علاقوں سمیت صوبہ بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز جاری رکھنے اور بین الصوبائی سرحدی پولیس چوکیوں پر تعینات اہلکاروں کو انتہائی الرٹ رہ کر فرائض انجام دینے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جی ساتھ پنجاب محمد کامران خان، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ڈی آئی جی ایس پی یو، تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔








