ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صوابی وقاص رفیق کی خصوصی ہدایات، عوام دوست پولیسنگ کے وژن اور شہریوں کے مسائل کے بروقت ازالے کے لیے ضلع بھر میں عوامی کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے
صوابی ،ڈی ایس پی سرکل چھوٹا لاہور کی زیر صدارت تھانہ یارحسین میں کھلی کچہری

مزید خبریں
پشاور۔ 02 جولائی (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صوابی وقاص رفیق کی خصوصی ہدایات، عوام دوست پولیسنگ کے وژن اور شہریوں کے مسائل کے بروقت ازالے کے لیے ضلع بھر میں عوامی کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے تاکہ عوام کو اپنی شکایات، مسائل اور تجاویز براہِ راست پولیس حکام کے سامنے پیش کرنے کا موقع میسر آ سکے۔ترجمان صوابی پولیس کے مطابق ڈی ایس پی سرکل چھوٹا لاہور زرداد خان کی زیرِ صدارت تھانہ یارحسین میں عوامی کھلی کچہری منعقد ہوئی، جس میں ایس ایچ او تھانہ یارحسین فاروق خان و دیگر پولیس افسران، علاقہ عمائدین، مشران، تاجروں، منتخب نمائندوں اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔کھلی کچہری کے دوران شرکاء نے امن و امان، منشیات کے خاتمے، ٹریفک، عوامی مسائل اور دیگر امور سے متعلق اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز پیش کیں۔ ڈی ایس پی زرداد خان نے تمام شرکاء کے مسائل کو بغور سنےاور متعلقہ افسران کو ان کے فوری، شفاف اور میرٹ پر حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں جبکہ بعض مسائل موقع پر ہی حل کر دیے گئے۔
اس موقع پر ڈی ایس پی زرداد خان نے کہا کہ صوابی پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، جرائم کے سدباب اور قانون کی بلاامتیاز عملداری کے لیے ہر وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، بھتہ خوروں، اسلحہ کی نمائش کرنے والوں اور دیگر مشکوک سرگرمیوں کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں تاکہ بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔شرکاء نے کھلی کچہری کے انعقاد کو سراہتے ہوئے صوابی پولیس کے عوامی رابطے کے اس مؤثر اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور جرائم کے خاتمے، امن کے قیام اور معاشرے کو محفوظ بنانے کے لیے پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔







