کھیل معاشرے میں مثبت سوچ کے فروغ اور سپورٹس مین سپرٹ کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا ”ورلڈ سپورٹس جرنلسٹس ڈے“ کی تقریب سے خطاب

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کھیل معاشرے میں مثبت سوچ کے فروغ اور سپورٹس مین سپرٹ کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کھیل معاشرے میں مثبت سوچ کے فروغ اور سپورٹس مین سپرٹ کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، سپورٹس جرنلسٹس کھیلوں کی سرگرمیوں کو ذمہ دارانہ اور پیشہ ورانہ انداز میں عوام تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، ان کی فلاح و بہبود، بہتری اور سپورٹس جرنلزم کے فروغ کے لئے دی جانے والی تجاویز پر حکومتی سطح پر ہرممکن عمل درآمد کیا جائے گا۔ جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں ”ورلڈ سپورٹس جرنلسٹس ڈے 2026“ کے موقع پرمنعقدہ تقریب اور راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سپورٹس میرے دل کے بہت قریب ہے، میرا وژن تھا کہ اگر سپورٹس جرنلسٹس کو پہچان نہ دی جائے تو اس شعبے میں نوجوان اور نئے آنے والے صحافیوں کے لئے کوئی تحریک اور ترغیب باقی نہیں رہتی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک محنت طلب شعبہ ہے جس میں فیلڈ رپورٹنگ بھی کرنا ہوتی ہے اور تمام سرگرمیوں کا باقاعدہ طور پر ریکارڈ بھی رکھنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے سپورٹس جرنلسٹس ایوارڈ اہم ہے۔ یہ امر باعث مسرت ہے کہ موجودہ دور میں صحافی محی شاہ کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا، یہ اعزاز پورے پاکستان کے سپورٹس جرنلسٹس کے لئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے سپورٹس جرنلزم کے فروغ کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سپورٹس جرنلسٹس کی فلاح و بہبود، ان کی بہتری اور سپورٹس جرنلزم کے فروغ کے لئے جو بھی تجاویز دی جائیں گی، ان پر حکومتی سطح پر ہر ممکن عمل درآمد کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی وی سپورٹس پاکستان کا واحد چینل ہے جو فیفا ورلڈ کپ براہ راست نشر کر رہا ہے، یہ اقدام نوجوانوں کو حوصلہ دینے اور صحت مند سرگرمیوں کے لئے فروغ کیلئے اٹھایا گیا ہے۔

انہوں نے صحافیوں کو یقین دلایا کہ سپورٹس جرنلزم کے حوالے سے جو بھی تجاویز دی جائیں گی ان کی پوری کوشش ہوگی کہ ان پر عمل درآمد کیا جائے، سپورٹس جرنلزم کے فروغ کے حوالے سے صحافی انہیں ہمیشہ اپنے سے ایک قدم آگے پائیں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔ رسجا کی نومنتخب باڈی نے آئندہ مدت کے لئے اپنی ذمہ داریاں باضابطہ طور پر سنبھال لیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد بھی دی۔ بعد ازاں ورلڈ سپورٹس جرنلسٹس ڈے کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات نے کیک بھی کاٹا۔ قبل ازیں سینئر سپورٹس جرنلسٹس محی شاہ نے وفاقی وزیر اطلاعات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 40 برس سے رسجا اس عالمی دن کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کرتی آ رہی ہے۔ انہوں نے سپورٹس جرنلسٹس کے طور پر تمغہ امتیاز سے نوازنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں