وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ کی منظم کوشش کو ناکام بنا دیا اور ایک ہی خاندان کے 3 مسافروں کو پرواز سے آف لوڈ کر دیا۔
ایف آئی اے امیگریشن کی لاہور ایئرپورٹ پر انسانی سمگلنگ کی کوشش ناکام، باپ اور 2 بیٹے آف لوڈ

مزید خبریں
اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ کی منظم کوشش کو ناکام بنا دیا اور ایک ہی خاندان کے 3 مسافروں کو پرواز سے آف لوڈ کر دیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق آف لوڈ کیے جانے والے مسافروں میں باپ اور اس کے دو بیٹے شامل ہیں جو نجی ایئرلائن کی پرواز نمبر PA-468 کے ذریعے لاہور سے باکو (آذربائیجان) جا رہے تھے۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران شک ہونے پر مسافروں کو سیکنڈری ویری فیکیشن کائونٹر پر ریفر کیا گیا۔ دوران تلاشی اور تفتیش مسافروں کے قبضے سے البانیہ کے ویزے اور سربیا سے متعلق اہم ڈیجیٹل شواہد برآمد ہوئے۔ اس کے علاوہ ان کے موبائل فونز سے مشتبہ ٹریول ایجنٹس کے ساتھ رابطوں کا ریکارڈ بھی ملا۔حکام کے مطابق مسافروں نے اعتراف جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ایجنٹ نے انہیں غیر قانونی طور پر اٹلی سمگل کرنے کے لیے سربیا اور آذربائیجان کا روٹ تیار کیا تھا۔ اس کام کے لیے فی مسافر 40 لاکھ روپے کا معاہدہ ہوا تھا جس میں سے 34 لاکھ روپے فی مسافر ایجنٹ کو پہلے ہی ادا کیے جا چکے تھے۔ایف آئی اے امیگریشن نے تینوں مسافروں کو حراست میں لے کر مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کے حوالے کر دیا ہے۔








