آزاد کشمیر انتخابات کی تمام تیاریاں مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ پولنگ یقینی بنائی جائے گی، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر گوجرانوالہ
آزاد کشمیر انتخابات کی تمام تیاریاں مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ پولنگ یقینی بنائی جائے گی، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر گوجرانوالہ

مزید خبریں
گوجرانوالہ۔ 02 جولائی (اے پی پی):ریاست آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 27 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ پولنگ افسران، پریذائیڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور دیگر انتخابی عملے کو ذمہ داریاں سونپنے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کیے جا رہے ہیں، جبکہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق انتخابات کو شفاف، منصفانہ اور غیر متنازع بنانے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل درآمد جاری ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر گوجرانوالہ مس انم زہرا راجہ نے صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وفد میں اوورسیز پاکستانی امریکن صحافی ایڈوائزر وزیر اعظم آزاد کشمیر خواجہ محمد فاروق مقامی صحافی سردار افضال اور اسلام آباد سے مہمان صحافی شانزے فیاض شامل تھیں۔مس انم زہرا راجہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کو ہر لحاظ سے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف بنانے کے لیے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں تاکہ انتخابی عمل پرامن ماحول میں مکمل ہو سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر قانون شکنی، غنڈہ گردی یا بدامنی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام امیدواروں اور ان کے نمائندوں کے ساتھ آئین اور قانون کے مطابق مساوی اور غیر جانبدارانہ رویہ اختیار کیا جائے گا۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے بتایا کہ انہوں نے بطور ضلعی انتخابی افسر خود مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا ہے اور تمام انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔ ان کے مطابق ضلع گوجرانوالہ میں قائم تمام پولنگ اسٹیشن محفوظ ہیں اور کسی بھی مقام پر سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی خطرہ نہیں۔







