لیسکو کی موثر حکمتِ عملی سے گردشی قرضے میں تاریخی کمی اور آپریشنل کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ترجمان لیسکو کے مطابق مالی سال 2024-25 سے کمپنی نے لائن لاسز میں مسلسل کمی
گردشی قرضے میں تاریخی کمی وآپریشنل کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے،ترجمان لیسکو

مزید خبریں
لاہور۔2جولائی (اے پی پی):لیسکو کی موثر حکمتِ عملی سے گردشی قرضے میں تاریخی کمی اور آپریشنل کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ترجمان لیسکو کے مطابق مالی سال 2024-25 سے کمپنی نے لائن لاسز میں مسلسل کمی، تقریباً سو فیصد ریکوری اور بجلی کی خریداری کے واجبات کی بروقت ادائیگی کے ذریعے مالی استحکام حاصل کیا۔ کمپنی نے واضح کیا کہ مالی سال 2021-22 اور 2022-23 کے گردشی قرضے کے بعض اعداد و شمار عبوری تھے جبکہ آڈٹ شدہ حسابات کے مطابق ان میں نظرثانی کی جا چکی ہے۔اسی طرح مالی سال 2023-24 میں گردشی قرضہ 339 ارب روپے تھا، جو مالی سال 2025-26 میں کم ہو کر 203 ارب روپے رہ گیا، یعنی صرف دو برسوں میں 136 ارب روپے کی تاریخی کمی ریکارڈ کی گئی۔
ترجمان کے مطابق یہ کامیابی وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کی رہنمائی، بورڈ آف ڈائریکٹرز کی موثر نگرانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد رمضان بٹ کی قیادت میں کیے گئے اصلاحاتی اقدامات کا نتیجہ ہے،جن میں اوور بلنگ ،بجلی چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور گورننس میں بہتری شامل ہیں۔ مزید برآں مالی سال 2026-27 سے 2028-29 کے لیے جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت گردشی قرضے کو 150 ارب روپے سے کم سطح پر لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ لیسکو مستقبل میں بھی لائن لاسز میں مزید کمی، ریکوری میں بہتری، شفافیت، احتساب اور صارفین کو معیاری خدمات کی فراہمی کے ذریعے بجلی کے شعبے کی بہتری میں اپنا موثر کردار ادا کرتا رہے گا۔








