وزیر اعلیٰ پنجاب کے شفافیت کو یقینی بنانے کے وژن کے تحت کارروائی کرتے ہوئے چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت فرائض میں سنگین غفلت،مالی بدعنوانی اور
فرائض میں غفلت،مالی بدعنوانی واختیارات سے تجاوز پر افسران و ملازمین کو سزائیں

مزید خبریں
لاہور۔2جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کے شفافیت کو یقینی بنانے کے وژن کے تحت کارروائی کرتے ہوئے چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت فرائض میں سنگین غفلت،مالی بدعنوانی اور اختیارات سے تجاوز کے الزامات ثابت ہونے پر افسران اور ملازمین کے خلاف سزائوں کے حتمی احکامات جاری کر دیئے ہیں۔دربار حضرت بابا بلھے شاہ (قصور) کے نذرانہ کیش بکسوں سے لاکھوں روپے کی چوری سے متعلق پہلی انکوائری ڈی جی مذہبی امور اور ڈائریکٹر فنانس،ڈپٹی سیکرٹری پر مشتمل کمیٹی نے کی جس میں الزامات ثابت ہوئے۔
بعد ازاں ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن کی طرف سے ذاتی سماعت (پرسنل ہیرنگ) دینے کے بعد انکوائری کمیٹی اور ہیرنگ افسر کی سفارشات پر سابق منیجراوقاف قصور طارق محمود نجمی پر 13,18,955 روپے کی ریکوری عائد کرنے سمیت ان کی اور سابق نگرانوں محمد ریاض، محمد شریف اور سابق چوکیدار محمد رمضان کی 5، 5 سال کی ملازمت ضبط کر کے انہیں کیش ہینڈلنگ یا دربار پوسٹنگز کے لیے مستقل نااہل کر دیا گیا ہے۔ دوسری انکوائری رپورٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ نے مرتب کی اور ڈائریکٹر ایڈمن کی جانب سے پرسنل ہیرنگ کے بعد فیصل آباد زون کی
105 ایکڑ سے زائد زرعی وقف اراضیات کی لیز رقم میں مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بغیر خود سے 10 فیصد اضافہ کر کے اختیارات سے تجاوز کرنے پر سابق مینجر اوقاف جھنگ منیر احمد جام کی ایک سال کے لیے سالانہ انکریمنٹ روکنے کی سزا کا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔








