راولپنڈی تعلیمی بورڈ کی نقل مافیا کے خلاف کارروائی، تین امیدوار گرفتار

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے امتحانی نظام میں شفافیت اور نقل کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید سخت کرتے ہوئے مختلف امتحانی مراکز سے تین امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے پکڑ لیا، جن کے خلاف بورڈ قوانین کے مطابق مقدمات درج کر دئیے گئے

راولپنڈی ۔2جولائی (اے پی پی):بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے امتحانی نظام میں شفافیت اور نقل کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید سخت کرتے ہوئے مختلف امتحانی مراکز سے تین امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے پکڑ لیا، جن کے خلاف بورڈ قوانین کے مطابق مقدمات درج کر دئیے گئے۔بورڈ ترجمان کے مطابق کمشنر و چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی انجینئر عامر خٹک کی نگرانی میں امتحانی مراکز کی سخت مانیٹرنگ جاری ہے۔اس سلسلے میں کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن حسن ابدال، گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول حسن ابدال اور گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج حسن ابدال کے امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ دورہ کے دوران انہوں نے امتحانی انتظامات، سکیورٹی صورتحال، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور امتحانی ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔

معائنے کے دوران گورنمنٹ گریجویٹ کالج سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی (سینٹر اے) سے دو امیدوار جبکہ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول للہ ٹاؤن، تحصیل پنڈ دادن خان، ضلع جہلم کے مشترکہ امتحانی مرکز سے ایک امیدوار نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔بورڈ حکام کے مطابق تینوں امیدواروں کے خلاف بورڈ قوانین کے تحت کیس رجسٹر کر دئیے گئے ہیں۔ کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے اس موقع پر واضح کیا کہ امتحانات کے تقدس، میرٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نقل یا کسی بھی قسم کی بے ضابطگی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔