نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاکستان میں 2027 میں سارک گیمز کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی کا اجلاس
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاکستان میں 2027 میں سارک گیمز کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی کا اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان میں 2027 میں ہونے والے سارک گیمز کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔
جمعرات کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اسلام آباد میں سارک گیمز سیکرٹریٹ فوری طور پر قائم کیا جائے، پاکستان سپورٹس کمپلیکس کی اپ گریڈیشن کا عمل تیز کیا جائے اور مالیات، انفراسٹرکچر اور کھیلوں کے مقامات کی نگرانی کے لئے اہم ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔
حکومت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ 2027 کے سارک گیمز بین الاقوامی معیار کے مطابق منعقد کئے جائیں گے جبکہ قومی کھیلوں کی فیڈریشنز کو کھلاڑیوں کی بہترین تیاری اور تربیت کے لئے ہر ممکن تعاون اور مکمل معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔
نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے کہا کہ حکومت نے ملک بھر میں کھیلوں اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کا پختہ عزم کر رکھا ہے اور اس نوعیت کے بین الاقوامی مقابلے دنیا میں پاکستان کے مثبت تشخص کو مزید اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔اجلاس میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ، صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام، پاکستان سپورٹس بورڈ اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔








