دنیائے فٹ بال کے شہرہ آفاق فٹ بالر اور پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو کی عمدہ کارکردگی کی بدلت پرتگال کی ٹیم ورلڈ کپ 2026کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئی ۔
کرسٹیانو رونالڈو کے گول کی بدولت پرتگال کروشیا کو ہرا کر ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

مزید خبریں
ٹورنٹو۔3جولائی (اے پی پی):دنیائے فٹ بال کے شہرہ آفاق فٹ بالر اور پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو کی عمدہ کارکردگی کی بدلت پرتگال کی ٹیم ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئی ۔ شنہوا کے مطابق پرتگال نے بی ایم او فیلڈ، ٹورنٹو، کینیڈا میں کھیلے گئے راؤنڈ آف 32 کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں پرتگال نے کروشیا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو اور متبادل کھلاڑی گونسالو راموس نے ایک، ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ دونوں ٹیمیں اپنے اپنے گروپس میں دوسرے نمبر پر رہی تھیں اور ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ ان کا پہلا آمنا سامنا تھا۔ میدان میں 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو اور 40 سالہ لوکا موڈرچ کی موجودگی کے باعث یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلا موقع تھا جب 40 سال سے زائد عمر کے دو آؤٹ فیلڈ کھلاڑی ایک دوسرے کے خلاف کھیل رہے تھے۔ میچ کے پہلے ہاف میں پرتگال کا دباؤ رہا اور چوتھے ہی منٹ میں انہیں گول کرنے کا بہترین موقع ملا لیکن برونو فرنینڈس کی کوششوں کو کروشیا کے دفاع اور گول کیپر ڈومینک لیواکووچ نے ناکام بنا دیا۔ میچ کا دوسرا ہاف انتہائی سنسنی خیز رہا اور کروشیا نے 53 ویں منٹ میں ایوان پیریسچ کے گول کی بدولت میچ میں برتری حاصل کر لی۔ کروشیا نے کچھ ہی دیر بعد دوسرا گول بھی کر دیا تھا تاہم آف سائیڈ کی وجہ سے اسے تسلیم نہیں کیا گیا۔ پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے اس وقت میچ برابر کیا جب ریناٹو ویگا پر ڈی ایریا میں فاؤل ہوا اور کرسٹیانو رونالڈو نے پنالٹی کو کامیابی سے گول میں تبدیل کر دیا۔ میچ کے آخری لمحات میں گونسالو راموس نے شاندار ہیڈر کے ذریعے گول کر کے پرتگال کو جیت دلا دی۔ میچ کے بالکل آخری سیکنڈز میں کروشیا کی جانب سے کیا گیا ایک اور گول بھی طویل وی اے آر چیک کے بعد آف سائیڈ قرار پایا۔ میچ کے اختتام پر لوکا موڈرچ کے لیے الوداعی لمحات انتہائی جذباتی تھے کیونکہ یہ ممکنہ طور پر ان کا آخری ورلڈ کپ میچ ہوگا ۔ پرتگال کا اگلا مقابلہ 6 جولائی کو ڈلاس میں راؤنڈ آف 16 میں سپین سے ہوگا۔








