خصوصی افراد (معذور افراد) معاشرے کا ایک باصلاحیت اور قابلِ احترام حصہ ہیں،میر سیف اللہ خان کھیتران

ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر بلوچستان میر سیف اللہ خان کھیتران نےکہا ہے کہ خصوصی افراد (معذور افراد) معاشرے کا ایک باصلاحیت اور قابلِ احترام حصہ ہیں۔

کوئٹہ۔ 03 جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر بلوچستان میر سیف اللہ خان کھیتران نےکہا ہے کہ خصوصی افراد (معذور افراد) معاشرے کا ایک باصلاحیت اور قابلِ احترام حصہ ہیں۔ حکومت بلوچستان خصوصی بچوں اور معذور افراد کو زندگی کے ہر شعبے میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ بھی اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر معاشرے کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے سپیشل ایجوکیشن کے تحت قائم ڈیف (سماعت سے محروم)سکول کا دورے کے موقع پر بات چیت کر تےہوئے کیا، اس موقع پر انہوں نے طلبہ و طالبات، اساتذہ اور عملے سے ملاقات کی اور ادارے میں فراہم کی جانے والی تعلیمی و تربیتی سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر طلبہ نے ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر کا پُرتپاک استقبال کیا اور انہیں باوقار انداز میں سلامی پیش کی، جس کا میر سیف اللہ خان کھیتران نے بھی محبت اور احترام سے جواب دیا۔ اس خوشگوار لمحے نے طلبہ کے اعتماد، نظم و ضبط اور بہترین تربیت کی عکاسی کی۔ڈی جی سوشل ویلفیئر بلوچستان میر سیف اللہ خان کھیتران نے کہا کہ سماعت سے محروم بچوں سمیت تمام خصوصی بچوں کو معیاری تعلیم، جدید تربیت، بحالی کی سہولیات اور دوستانہ ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ایسے اداروں کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جا رہا ہے تاکہ خصوصی افراد کو خودمختار، باوقار اور بااعتماد شہری بنایا جا سکے۔میر سیف اللہ خان کھیتران نے کہا کہ معذور افراد پر ترس کھانے کے بجائے انہیں بااختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ معاشرے کے تمام طبقات کی ذمہ داری ہے کہ وہ خصوصی افراد کے حقوق کا احترام کریں، انہیں تعلیم، روزگار اور سماجی سرگرمیوں میں برابر کے مواقع فراہم کریں اور ان کے لئے ہر شعبے میں رکاوٹوں کو ختم کریں۔انہوں نے اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت ایک عظیم قومی خدمت ہے، اور حکومت ایسے اداروں اور اساتذہ کی ہر ممکن سرپرستی جاری رکھے گی۔اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف سوشل ویلفیئر بلوچستان کے حکام نے بھی اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے بھر میں معذور افراد کے حقوق کے تحفظ، سماجی شمولیت، معیاری تعلیم، بحالی اور فلاح و بہبود کے لئے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ ہر خصوصی بچہ عزت، وقار اور مساوی مواقع کے ساتھ روشن مستقبل حاصل کر سکے۔

مزید خبریں