وزیر اعلیٰ بلوچستان کا دانہ سر میں مسافر بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کااظہار

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے سرحدی علاقے دانہ سر میں مسافر بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

کوئٹہ۔ 03 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے سرحدی علاقے دانہ سر میں مسافر بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی حکومت بلوچستان نے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر ریسکیو اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ دونوں صوبوں کی ضلعی انتظامیہ، ایف سی ، ریسکیو ادارے اور متعلقہ محکمے جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جبکہ زخمیوں کو بروقت اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ انتظامی افسران حادثے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ امدادی کارروائیوں میں کوئی کسر نہ چھوڑیں، زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔ میر سرفراز بگٹی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔

مزید خبریں