چیئرمین سینیٹ وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے، آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں شرکت کریں گے

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اعلیٰ سطح کے پاکستانی وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے ہیں جہاں وہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں شرکت کریں گے۔

تہران۔3جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اعلیٰ سطح کے پاکستانی وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے ہیں جہاں وہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں شرکت کریں گے۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی اس موقع پر چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ ہیں۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق تہران آمد پر ایرانی حکام اور پارلیمانی نمائندوں نے پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورۂ تہران کے دوران چیئرمین سینیٹ کی ایرانی قیادت اور پارلیمانی حکام سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ اس موقع پر پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، مذہبی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا جائے گا۔تہران میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ایرانی قیادت، پارلیمان اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای عالمِ اسلام کی ایک مؤثر، باوقار اور بااثر شخصیت تھے، جن کی دینی، فکری اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات موجود ہیں اور پاکستان غم کی اس گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون اور پارلیمانی روابط آئندہ بھی مزید فروغ پائیں گے۔

مزید خبریں