وزیر اعظم شہباز شریف ایران روانہ ہوگئے، آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے

وزیر اعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر ایران روانہ ہوگئے ۔

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر ایران روانہ ہوگئے ۔ جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف تہران میں ایران کے شہید سپریم لیڈرآیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کریں گے اور غم کی اس گھڑی میں برادر ایرانی قوم کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کریں گے۔ بعد ازاں وزیرِ اعظم دوطرفہ دورۂ ترکیہ کیلئے تہران سے استنبول روانہ ہوں گے۔