سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری وقت کی اہم ضرورت ہے، ہیلتھ کے بجٹ میں کمی کے بجائے اضافہ کیا جانا چاہیے تاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں
صحت کے بجٹ میں کمی نہیں، اضافہ ہونا چاہیے، عوام کو معیاری علاج کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 03 جولائی (اے پی پی):سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری وقت کی اہم ضرورت ہے، ہیلتھ کے بجٹ میں کمی کے بجائے اضافہ کیا جانا چاہیے تاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو تیسری ہیلتھ لیڈرشپ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن(ر)عبدالخالق اچکزئی ،صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ،سیکرٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی ،ایڈیشنل سیکرٹری ثاقب کاکڑ سمیت دیگر موجود تھے ۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ وہ بطور ڈاکٹر خود کو اس کانفرنس میں موجود شرکا میں سب سے سینئر سمجھتے ہیں اور بولان میڈیکل کالج اور بلوچستان یونیورسٹی نے انہیں وہ مقام دیا جہاں وہ آج کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی حکومت نے 2013 میں تین نئے میڈیکل کالجز کی بنیاد رکھی، جن کے فارغ التحصیل ڈاکٹر آج ملک کے مختلف حصوں میں عوام کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کانفرنس میں صحت کے شعبے میں اصلاحات اور بہتری سے متعلق دی جانے والی بریفنگ کو انقلابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بالخصوص حفاظتی ٹیکہ جات (امیونائزیشن)کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت خوش آئند ہے۔سابق وزیر اعلی نے کہا کہ جب معمولی نوعیت کے مریض بھی علاج کے لیے کراچی ریفر کیے جاتے ہیں تو انہیں دلی افسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قابل اور ماہر ڈاکٹرز موجود ہیں، یہی ڈاکٹرز دیگر صوبوں کے بڑے ہسپتالوں میں گردے کی پیوندکاری (کڈنی ٹرانسپلانٹ)جیسے پیچیدہ آپریشن انجام دیتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ انہیں بلوچستان میں بھی مطلوبہ سہولیات اور وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ عوام کو علاج کے لیے دوسرے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ اپنے دورِ حکومت میں ماہر ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں اضافے کے فیصلے کے دوران بیوروکریسی کے ساتھ طویل بحث و مباحثہ کرنا پڑا کیونکہ اگر ڈاکٹرز کو مناسب مراعات اور سہولیات فراہم نہ کی جائیں تو وہ دوسرے صوبوں یا اداروں کا رخ کر لیتے ہیں۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ایک بلوچستانی کی حیثیت سے ان کا ماننا ہے کہ صوبے کے عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ان کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے تک نجی پریکٹس کے بجائے سرکاری ہسپتالوں میں اپنی ذمہ داریاں پوری توجہ اور دیانت داری سے انجام دیں
اس سے نہ صرف صحت کا نظام بہتر ہوگا بلکہ عوام کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتر کارکردگی دکھانے والے افراد اور اداروں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے تاکہ اصلاحات کا عمل مزید مضبوط اور موثر بنایا جا سکے۔








