دنیا کے 41 ممالک کو غذائی امداد کی ضرورت ، 31 افریقی ممالک شامل،ایف اے او

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے 41 ممالک اور علاقوں کو غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے بیرونی امداد کی ضرورت ہے، جن میں 31 افریقی ممالک شامل ہیں

روم۔4جولائی (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے 41 ممالک اور علاقوں کو غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے بیرونی امداد کی ضرورت ہے، جن میں 31 افریقی ممالک شامل ہیں۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق ایف اے او کے گلوبل انفارمیشن اینڈ ارلی وارننگ سسٹم آن فوڈ اینڈ ایگریکلچر کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شدید غذائی عدم تحفظ کی بنیادی وجوہات بدستور تنازعات اور امن و امان کی خراب صورتحال ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایل نینو سے منسلک موسمی حالات اور زرعی پیداوار کی بلند لاگت مشرقی اور مغربی افریقہ میں زرعی پیداوار کے امکانات کو متاثر کر رہے ہیں۔دوسری جانب شمالی اور جنوبی افریقہ میں جہاں اہم فصلوں کی کٹائی مکمل ہو چکی ہے، 2026 میں اناج کی پیداوار گزشتہ پانچ سال کی اوسط سے زیادہ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ بعض ممالک میں ریکارڈ فصل متوقع ہے۔رپورٹ کے مطابق کم آمدنی اور غذائی قلت کے شکار 39 ممالک میں27۔2026کے سیزن کے دوران اناج کی مجموعی پیداوار 1.4 فیصد اضافے کے ساتھ 12 کروڑ 90 لاکھ ٹن تک پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ ان ممالک کی اناج کی درآمدی ضروریات 2 فیصد بڑھ کر تقریباً 4 کروڑ 80 لاکھ ٹن رہنے کا امکان ہے۔