امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کی فوج جتنی طاقت ور آج ہے، پہلے کبھی نہ تھی۔بی بی سی کے مطابق امریکا کی آزادی کی 250 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے بیرونِ ملک امریکی فوجی کارروائیوں کا حوالہ دیا
امریکا کی فوج جتنی طاقت ور آج ہے پہلے کبھی نہ تھی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یوم آزادی کی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
واشنگٹن ۔5جولائی (اے پی پی):امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کی فوج جتنی طاقت ور آج ہے، پہلے کبھی نہ تھی۔بی بی سی کے مطابق امریکا کی آزادی کی 250 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے بیرونِ ملک امریکی فوجی کارروائیوں کا حوالہ دیا، جس میں انہو ں نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو اغوا کرنے اور ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کا ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی چیلنج نہیں جو امریکی پورا نہ کر سکیں، ایسی کوئی جگہ نہیں جہاں ہم جا نہ سکیں اور ایسا کوئی ہدف نہیں جو ہم حاصل نہ کر سکیں۔ امریکی صدر کے خطاب میں روایتی موضوعات نمایاں رہے، جن میں امریکا کاروباری اور معاشی صلاحیتوں کی تعریف، کمیونسٹوں کی مذمت اور اپنے دورِ حکومت کی کامیابیوں کا ذکر شامل تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ فوج اور پولیس میں بھرتیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث اب ان شعبوں میں ملازمت حاصل کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے انتخابی اصلاحات سے متعلق سیو امریکا ایکٹ، پیدائشی شہریت کے حق کو ختم کرنے کی کوشش پر مبنی ایگزیکٹو آرڈر، اور امریکی آئین کی دوسری ترمیم کے تحفظ کا ذکر کیا، جو شہریوں کو ہتھیار رکھنے کا حق دیتی ہے۔ انہوں نے مختلف جنگوں خاص طور سے کوریا اور ویتنام کی جنگوں میں حصہ لینے والے سابق امریکی فوجیوں کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تو امریکا کے سنہری دور کی محض شروعات ہے۔ واشنگٹن میں امریکا کی آزادی کی 250 ویں سالگرہ کی تقریبات طوفان اور گرج چمک کے باعث تاخیر کا شکار ہوئیں۔ جس پر اپنے خطاب کے آغاز میں خراب موسم کے باعث پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے حاضرین سے کہا کہ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ یہ آسان تھا تو ایسا نہیں تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انھیں یہ تقریب کسی اور روز منعقد کرنے کا مشورہ دیا گیا، لیکن انھوں نے انکار کر دیا۔ صدر کے خطاب کے بعد آتش بازی کا زبردست مظاہرہ بھی کیا گیا ۔








