ڈی آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، ترقیاتی منصوبوں اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ
ڈی آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، ترقیاتی منصوبوں اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) اسلام آباد محمدجواد طارق کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں انتظامی امور، جاری ترقیاتی منصوبوں، مالیاتی انتظام اور اسلام آباد پولیس کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اتوار کو پولیس اہلکار نے بتایا کہ اجلاس میں ایس ایس پی سکیورٹی اینڈ ایڈمنسٹریشن سلیمان ظفر، آپریشنز ڈویژن کے اکاؤنٹنٹ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
ڈی آئی جی نےفورس کی آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے انتظامی امور،ترقیاتی سکیموں، مالیاتی امور، ٹرانسپورٹیشن اور دیگر سرکاری امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔محمد جواد طارق نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تھانوں میں جاری تمام تعمیراتی اورترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ پولیس کے انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
ڈی آئی جی نے افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ آپریشن ڈویژن کی تمام سرکاری گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو ہر وقت مکمل طور پرفعال رکھا جائے تاکہ عوام کو پولیس خدمات کی بروقت اور موثر فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں جدید، موثر اور عوام دوست پولیسنگ فراہم کرنے کے لیےانتظامی کارکردگی کو مضبوط بنانے، وسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے اور پیشہ ورانہ معیار کو بڑھانے کے لیے اسلام آباد پولیس کے عزم کا اعادہ کیا۔








