این ڈی ایم اے کےنیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 06 سے 10 جولائی 2026 تک کے لیے موسمی صورتحال اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کا جائزہ جاری کر دیا
این ڈی ایم اے کےنیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 06 سے 10 جولائی 2026 تک کے لیے موسمی صورتحال اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کا جائزہ جاری کر دیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):این ڈی ایم اے کےنیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای اوسی) نے 06 سے 10 جولائی 2026 تک کے لیے موسمی صورتحال اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کا جائزہ جاری کر دیا۔اتوار کواین ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق این ا ی او سی تمام ممکنہ خطرات کی پیشگی تشخیص اورمتعلقہ اداروں تک بر وقت معلومات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔
موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کے جاری پیشگی موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے۔06 جولائی سے شمالی پاکستان میں فعال موسمی نظام داخل ہونے کا امکان ہے۔ کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔07 سے 10 جولائی کے دوران دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔07 جولائی کو اسلام آباد، پوٹھوہار، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، شمالی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔متوقع بارشوں کے باعث تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی آمد میں معمولی اضافہ متوقع ہے۔07 سے 10 جولائی کے دوران دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج میں پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ صورتحال میں بڑے پیمانے پر دریائی سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں۔پہاڑی ندی نالوں اور چھوٹے برساتی نالوں میں اچانک پانی کے بہاؤ میں مقامی سطح پر اضافہ متوقع ہے۔حساس بالائی علاقوں اور پہاڑی ندی نالوں میں مقامی سیلاب کا خدشہ ہے۔شدید بارش کے دوران شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا خدشہ ہے ۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کوموسمی صورتحال، سفری ہدایات اور سرکاری الرٹس پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔شہری تازہ ترین موسمی صورتحال،ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے راہنمائی لیں۔








