نوجوان نسل کو منشیات جیسے ناسور سے بچانے کیلئے کھیلوں و صحت مند انہ سرگرمیوں کا فروغ ناگزیر ہے،رانا مشہود احمد خان
نوجوان نسل کو منشیات جیسے ناسور سے بچانے کیلئے کھیلوں و صحت مند انہ سرگرمیوں کا فروغ ناگزیر ہے،رانا مشہود احمد خان

مزید خبریں
لاہور۔5جولائی (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت و تعمیری سرگرمیوں میں مصروف رکھنا ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز رائیڈ فار اے کاز منشیات کے خلاف سائیکل ریلی میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی کا اہتمام ڈرگ ایڈوائزری ٹریننگ ہب نے ڈپٹی کمشنر آفس لاہور کے اشتراک سے منشیات سے پاک معاشرے کے فروغ اور نوجوانوں میں صحت مند طرزِ زندگی کی حوصلہ افزائی کے لیے کیا تھا۔
رانا مشہود احمد خان نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں کی توانائی اور صلاحیتوں کو مثبت سمت دی جا سکتی ہے، جس سے انہیں منشیات جیسی لعنت سے دور رکھنے میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنا پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے حکومتی اداروں، سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں اور خاندانوں کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے سائیکلنگ کے ذریعے آگاہی مہم شروع کرنے پر منتظمین کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں نوجوانوں میں جسمانی فٹنس، نظم و ضبط اور سماجی ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینے کا موثر ذریعہ ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ سائیکلنگ کی سرگرمیوں کا انعقاد وزیراعظم یوتھ پروگرام کے اشتراک سے کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ عوامی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دیا جا سکے۔رانا مشہود احمد خان نے اعلان کیا کہ حکومت یومِ آزادی 14 اگست کی تقریبات کے سلسلے میں ملک گیر سطح پر ایک بڑی سائیکلنگ تقریب کا انعقاد کرے گی، جس کا مقصد جسمانی صحت، حب الوطنی اور نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کھیلوں، سماجی سرگرمیوں اور آگاہی پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس طرح کے اقدامات ایک صحت مند، فعال اور منشیات سے پاک پاکستان کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گے۔تقریب کے اختتام پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین نے منشیات کے خلاف مہم میں نمایاں کردار ادا کرنے والے شرکا میں یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کیں۔







