آسٹریلیا کی ٹیم سب سے زیادہ ساتویں مرتبہ آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کی چیمپئن بن گئی۔لارڈز میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ساتویں مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا
آسٹریلیا آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کا چیمپئن بن گیا،فائنل میں انگلینڈ کو 7وکٹوں سے شکست
لاہور۔6جولائی (اے پی پی):آسٹریلیا کی ٹیم سب سے زیادہ ساتویں مرتبہ آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کی چیمپئن بن گئی۔لارڈز میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ساتویں مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ آسٹریلوی ٹیم نے 151 رنز کا ہدف 17.1 اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، جو ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ فائنل کی تاریخ میں کامیابی سے حاصل کیا گیا سب سے بڑا ہدف ہے۔انگلینڈ نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔ کپتان نیٹ سکیور برنٹ نے ناقابل شکست 58 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ فریا کیمپ نے بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 44 رنز ناٹ آؤٹ سکور کیے۔ آسٹریلیا کی جانب سے لوسی ہیملٹن، کم گارتھ اور سوفی مولینیو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ابتدا اگرچہ ایک وکٹ کے جلد گرنے سے ہوئی، تاہم بیتھ مونی اور فوبی لیچ فیلڈ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 100 رنز جوڑ کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ بیتھ مونی نے 64 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ فوبی لیچ فیلڈ 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ آسٹریلیا نے ہدف 3 اوورز سے بھی پہلے حاصل کر کے انگلینڈ کو فیصلہ کن شکست دی۔یہ آسٹریلیا کی 10 ایڈیشنز میں ساتویں آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ فتح ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ آسٹریلیا نے مسلسل دو آئی سی سی ایونٹس کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد بھرپور انداز میں عالمی اعزاز دوبارہ اپنے نام کر لیا جبکہ انگلینڈ کی 2009 کے بعد پہلی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے کی امید ایک بار پھر ادھوری رہ گئی۔









