ڈپٹی کمشنر ملتان محمد فیصل سلیم نے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھالنے کے بعد ضلعی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ بارے اجلاس منعقد کیا۔
سرکاری ادارے بہتر سروس ڈیلیوری کے ذریعے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں، ڈپٹی کمشنر ملتان
ملتان۔ 06 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ملتان محمد فیصل سلیم نے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھالنے کے بعد ضلعی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ بارے اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں، بیوٹیفکیشن، انفراسٹرکچر کی بہتری اورعوامی خدمات کی فراہمی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں متعلقہ افسران نے جاری ترقیاتی سکیموں اور دیگر انتظامی امور پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز جنوبی پنجاب بالخصوص ملتان کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہیں اس لیے تمام محکمے حکومتی وژن کے مطابق عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ملتان کی ترقی، شفا ف طرزحکمرانی اورعوامی خدمت کےعزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری ادارے بہتر سروس ڈیلیوری کے ذریعے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ناقص کارکردگی، غفلت اور غیر ذمہ داری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے افسران کا احتساب کیا جائے گا۔ انہوں نے محکموں کی کارکردگی کو موثر انداز میں جانچنے کے لیے باقاعدہ مانیٹرنگ سسٹم بھی نافذ کرنے کا اعلان کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ محمد مدثر نواز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس محسن نثار سمیت مختلف ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔









