لاہور ہائیکورٹ نے والدین کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی
لاہور ہائیکورٹ، والدین کیخلاف مقدمہ درج کرانے کی درخواست مسترد

مزید خبریں
لاہور۔6جولائی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے والدین کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔جسٹس جواد ظفر نے درخواست گزار ایمان فاطمہ کی درخواست پر سماعت کی، جس میں جسٹس آف پیس کی جانب سے اندراج مقدمہ کی درخواست مسترد کیے جانے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔درخواست گزار کے مطابق خاوند سے ناچاقی کے بعد وہ اپنے والدین کے گھر چلی گئی تھی اور اس دوران اس نے خاوند سے جہیز اور زیورات کی واپسی کے لیے مقدمہ بھی دائر کیا۔ بعد ازاں فریقین میں صلح ہونے پر وہ دوبارہ اپنے خاوند کے ساتھ رہنے لگی۔ صلح کے بعد جب وہ اپنے والدین سے زیورات واپس لینے گئی تو انہوں نے زیورات دینے سے انکار کر دیا۔ اس حوالے سے جسٹس آف پیس نے 10 جون 2026 کو والدین کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی درخواست خارج کر دی تھی۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ جسٹس آف پیس کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے والدین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔دلائل سننے کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔








