سی ای او سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی/ ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی سلمان احمد لون نے تحصیل سیالکوٹ کی یونین کونسل پنڈی آرائیاں اور یونین کونسل نیکا پورہ کا تفصیلی دورہ کیا،
سیالکوٹ، ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہریوں کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، سلمان احمد لون

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 06 جولائی (اے پی پی):سی ای او سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی/ ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی سلمان احمد لون نے تحصیل سیالکوٹ کی یونین کونسل پنڈی آرائیاں اور یونین کونسل نیکا پورہ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی کے جاری آپریشن، فیلڈ سرگرمیوں، ویسٹ کلیکشن کے نظام، مشینری کی کارکردگی، عملے کی حاضری اور شہری علاقوں میں صفائی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران سی ای او نے مختلف گلیوں، بازاروں، رہائشی علاقوں اور اہم شاہراہوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود سینیٹری ورکرز اور سپروائزری سٹاف سے صفائی آپریشن، ویسٹ کلیکشن، کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی، ویسٹ پوائنٹس کی صفائی اور روزانہ کی کارکردگی سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی کے عمل میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام علاقوں میں مقررہ شیڈول کے مطابق صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر سلمان احمد لون نے اہلِ علاقہ سے ملاقات بھی کی اور ان کے مسائل، شکایات اور تجاویز کو توجہ سے سنا۔ شہریوں نے صفائی سے متعلق مختلف امور کی نشاندہی کی، جس پر سی ای او نے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی فوری اور مؤثر اقدامات کرنے، شکایات کے بروقت ازالے اور صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہریوں کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
اس مقصد کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ فیلڈ آپریشنز کی مسلسل نگرانی، عملے کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ اور جدید ویسٹ مینجمنٹ نظام کے ذریعے صفائی کے معیار کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ سی ای او نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ یونین کونسل پنڈی آرائیاں اور نیکا پورہ میں ویسٹ کلیکشن کو مزید منظم بنایا جائے، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی کو یقینی بنایا جائے، ویسٹ پوائنٹس کی باقاعدگی سے صفائی کی جائے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے فیلڈ ٹیمیں ہر وقت متحرک رہیں تاکہ شہریوں کو صاف، ستھرا اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔








