گلیات کی تاریخ کا لاجواب میلہ اختتام پذیر

گلیات کی تاریخ کا بہترین اور لاجواب میلہ اپنی رونقیں سمیٹ کر اختتام پذیر ہو گیا۔

ایبٹ آباد۔ 6 جولائی (اے پی پی):گلیات کی تاریخ کا بہترین اور لاجواب میلہ اپنی رونقیں سمیٹ کر اختتام پذیر ہو گیا۔ نملی میرا سپر لیگ ایڈیشن 5 کا فائنل اذلان کرکٹ کلب اور فرینڈز چیتا کے درمیان کھیلا گیا جس میں اذلان کرکٹ کلب نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کر لی ۔ فائنل کے بہترین کھلاڑی ہارون قرار پائے جن کی کارگردگی پورے ٹورنامنٹ میں زبردست رہی۔ فائنل تقریب کے مہمان خصوصی راجہ مشتاق، انسپکٹر راجہ ممتاز، سردار شاہنواز صدر آل ٹریڈ ایبٹ آباد، راجہ ابرار اور ملک جہانگیر نے گھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ نملی میرا سپر لیگ ہی نہیں بلکہ اپنے معیار اور کوالٹی کی وجہ سے وہ ایک منفرد مقام رکھتی ہے، نملی میرا سپر لیگ نے ایڈیشن 5 کیلئے 16 ٹیموں کا انتخاب کر کے بڑا ہوتر کرکٹ گراؤنڈ میں انعقاد کروایا۔ کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کی آسانی کیلئے ٹورنامنٹ ناک آؤٹ کی بنیاد پر دو دن کے قلیل عرصہ میں انتہائی احسن انداز سے اختتام پذیر ہوا، پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل دیکھنے کو ملا۔ کھیل کے میدان سے دور شائقین کیلئے تمام میچزکی لائیو کوریج نے لیگ کو چار چاند لگا دیئے۔ ٹورنامنٹ کے آرگنائزرز راجہ وقاص، حسیب خالقداد، راجہ ثاقب، ابرار عباسی اور ثاقب سلیم کو مہمان خصوصی نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔