موبائل پولیس سٹیشن اور لائسنسنگ یونٹس صوبے کے 27 اضلاع میں فعال ہیں،ترجمان ٹریفک پولیس

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف اور ڈرائیونگ لائسنسنگ سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور۔6جولائی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف اور ڈرائیونگ لائسنسنگ سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ پنجاب پولیس کے موبائل پولیس سٹیشن اور موبائل لائسنسنگ یونٹس نومبر 2025 سے صوبے کے 27 اضلاع میں فعال ہیں۔ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق گزشتہ سات ماہ کے دوران 3 لاکھ 37 ہزار سے زائد شہریوں کو آن ڈور لائسنسنگ سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ صرف لاہور میں 10 ہزار سے زائد شہری اس سہولت سے مستفید ہوئے۔ اس عرصے میں ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس حاصل کیے، ایک لاکھ 66 ہزار سے زائد افراد نے نئے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس بنوائے، جبکہ 77 ہزار سے زائد شہریوں نے موبائل لائسنسنگ یونٹس کے ذریعے اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کرائی۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور ملتان میں پنک لائسنسنگ یونٹس بھی فعال ہیں، جن کے ذریعے اب تک 70 ہزار خواتین کو لائسنسنگ سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ موبائل پولیس سٹیشنز کے ذریعے صوبہ بھر میں انصاف کی فراہمی کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔ ان یونٹس کے ذریعے 9 ہزار سے زائد پولیس سروسز فراہم کی گئیں، 7 ہزار سے زائد شہریوں کو کریکٹر سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے، 660 سے زائد درخواستیں وصول ہوئیں جن میں سے 630 پر فوری انصاف فراہم کیا گیا، جبکہ 100 سے زائد ایف آئی آرز بھی درج کی گئیں۔