بلوچستان مسلم لیگ (ن)کا گڑھ بنے گا، آئندہ صوبے میں اکیلے حکومت بنائیں گے، آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلاس کا عزم

پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس پیر کے روز کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ، اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ن)عبد الخالق اچکزئی

کوئٹہ۔ 06 جولائی (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس پیر کے روز کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ، اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ن)عبد الخالق اچکزئی، پارلیمانی لیڈر میر سلیم احمد کھوسہ، صوبائی وزیر راحیلہ حمید درانی اور رکن بلوچستان اسمبلی شیخ زرک خان مندوخیل نے شرکت کی۔صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ نے شرکا کو پارٹی کی تنظیمی امور، تنظیم سازی اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق بریفنگ دی۔ بلوچستان میں مسلم لیگ (ن)کی تنظیم کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز اور حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کو پاکستان مسلم لیگ (ن)کا مضبوط گڑھ بنایا جائے گا اور آئندہ عام انتخابات میں پارٹی بھرپور عوامی حمایت حاصل کرکے صوبے میں اکیلے حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہوگی۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پارٹی کارکنوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور تنظیمی سطح پر ان کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزرا کو ہدایت کی گئی کہ وہ عوام اور پارٹی کارکنوں کے مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں اور عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔اجلاس میں پارٹی قائد میاں نواز شریف کا پیغام گھر گھر پہنچانے، عوام سے رابطہ مزید مثر بنانے اور پارٹی کو گراس روٹ سطح پر منظم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

اجلاس کے شرکا نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)عوامی خدمت، ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے کے ساتھ بلوچستان میں اپنی سیاسی بنیادوں کو مزید مستحکم کرے گی۔