ڈی جی ایف ڈی اے کی جانب سے تبدیل ہونے والے ڈپٹی کمشنر کے اعزاز میں پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی جانب سے تبدیل ہونے والے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا

فیصل آباد۔ 06 جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی جانب سے تبدیل ہونے والے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد سرور، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شرینہ جنیجو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز سارہ زینب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی، ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی عابد حسین بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی عادل عمر، اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر ذوالقرنین سلیم سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ضلع فیصل آباد کے لیے انجام دی جانے والی انتظامی، ترقیاتی اور عوامی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے اپنے دورِ تعیناتی میں شفاف، متحرک اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کو فروغ دیا، جس کے باعث مختلف محکموں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی پیدا ہوئی اور متعدد ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتار پیش رفت ممکن ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ شہری مسائل کے بروقت حل، انسدادِ تجاوزات، صفائی و ستھرائی، ریونیو معاملات، امن و امان، محرم الحرام سمیت دیگر اہم مواقع پر بہترین انتظامات اور عوامی فلاح کے اقدامات میں ڈپٹی کمشنر کی قیادت قابلِ ستائش رہی۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مثالی تعاون کے باعث شہری ترقی کے متعدد منصوبے کامیابی سے آگے بڑھے جبکہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے مشترکہ کاوشیں ہمیشہ نتیجہ خیز ثابت ہوئیں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ کیپٹن (ر) ندیم ناصر ایک باصلاحیت، باکردار اور وژن رکھنے والے منتظم ہیں جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، دیانت داری اور انتھک محنت سے ایک مثبت مثال قائم کی۔انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں میں بھی اسی جذبے اور کامیابی کے ساتھ خدمات انجام دیں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے اپنے اعزاز میں الوداعی تقریب کے انعقاد پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران تمام اداروں بالخصوص ایف ڈی اے کی جانب سے بھرپور تعاون حاصل رہا جس کی بدولت عوامی خدمت کے متعدد اہداف کامیابی سے حاصل کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ بہترین محکمانہ کوآرڈینیشن، باہمی اعتماد اور ٹیم ورک ہی کامیاب انتظامی نظام کی بنیاد ہیں۔ ایف ڈی اے کی قیادت اور افسران نے شہری ترقی، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل، تجاوزات کے خاتمے، ریونیو امور اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے ہمیشہ مثبت اور فعال کردار ادا کیا جو قابلِ تحسین ہے۔ کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ فیصل آباد کے عوام سے انہیں ہمیشہ محبت اور تعاون ملا جسے وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی نئی تعیناتی بطور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی عوامی خدمت، تیز رفتار ترقیاتی عمل، شفاف طرزِ حکمرانی اور میرٹ کو اپنی اولین ترجیح بنائے رکھیں گے۔ تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کیپٹن (ر) ندیم ناصر کو یادگاری شیلڈ پیش کی جبکہ شرکاء نے ان کی آئندہ ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

 

مزید خبریں