نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 6 سے 10 جولائی تک کے لیے دریائوں میں پانی کے بہائو کی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا 6 سے 10 جولائی تک کیلئے دریائوں میں پانی کے بہائو کی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 6 سے 10 جولائی تک کے لیے دریائوں میں پانی کے بہائو کی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔صورتحال، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے راہنمائی حاصل کریں۔ پیر کو این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق این ا ی او سی تمام ممکنہ خطرات کی پیشگی تشخیص اورمتعلقہ اداروں تک بر وقت معلومات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔ موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کے جاری پیشگی موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے،دوسرے مون سون سپیل اور مغربی ہوائوں کے سلسلے کے باعث 6 سے 10 جولائی کے دوران شمالی اور شمال مشرقی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔متوقع بارشوں کے باعث پہاڑی ندی نالوں، برساتی آبی گزرگاہوں اور دریائوں میں پانی کے بہائو میں اچانک اضافے کا خدشہ ہے۔گلگت بلتستان میں دریائے سندھ، دریائے یاسین، دریائے غذر، دریائے کیلیک، دریائے منٹاکا، دریائے داریل اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔خیبرپختونخوا میں دریائے لوٹھکو، اشیرائی خوڑ، دریائے دارال، آلائی خوڑ، گڑائی خوڑ، خان خوڑ، دریائے پالاس، دریائے سرن، دریائے دھور، دریائے جندی، دریائے بارہ، دریائے گومل، ٹانک زام اور مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہائو میں اضافہ متوقع ہے۔
آزاد کشمیر میں دریائے نیلم، دریائے پونچھ، دریائے جہلم، دریائے ماہل اور ان کے معاون ندی نالوں میں پانی کے بہائو میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔شمال مشرقی پنجاب میں سیالکوٹ کے ایک اور پھلکو نالہ، نارووال کے بین، بسنتر اور ڈگ نالوں جبکہ ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی برساتی نالوں میں مقامی سیلاب کا امکان ہے۔بلوچستان میں دریائے ژوب، دریائے کنگری اور بارکھان، لورالائی، مستونگ اور قلات کے برساتی ندی نالوں میں پانی کے بہائو میں اضافے کا خدشہ ہے۔آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران دریائے سوات، دریائے پنجکوڑہ اور ان کے معاون دریائوں میں پانی کے بہائو میں اضافہ متوقع ہے۔دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کا امکان، پانی کا بہائو 70 ہزار کیوسک تک پہنچ سکتا ہے۔دریائے سندھ میں تربیلا ڈیم کے بالائی علاقوں میں نچلے درجے کے سیلاب کا امکان، پانی کا بہائو 2 لاکھ 70 ہزار کیوسک تک متوقع ہے۔ دریائے چناب کے مرالہ، خانکی اور قادرآباد کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔پیر پنجال رینج سے آنے والے سرحد پار ندی نالوں میں پانی کے بہائو میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے، ہنگامی انتظامات مکمل رکھنے اور حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کو عبور کرنے سے اجتناب کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
شہری تازہ ترین موسمی صورتحال، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے راہنمائی حاصل کریں۔








