وفاقی وزیر داخلہ کا حوالدار لالک جان کے یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نشانِ حیدر پانے والے ارضِ وطن کے بہادر سپوت حوالدار لالک جان شہید کے یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوالدار لالک جان نے وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے شجاعت اور بہادری کی وہ لازوال داستان رقم کی جس پر پوری قوم کو رہتی دنیا تک فخر رہے گا

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نشانِ حیدر پانے والے ارضِ وطن کے بہادر سپوت حوالدار لالک جان شہید کے یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوالدار لالک جان نے وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے شجاعت اور بہادری کی وہ لازوال داستان رقم کی جس پر پوری قوم کو رہتی دنیا تک فخر رہے گا۔ ایک بیان میں محسن نقوی نے شہید کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کارگل کے کٹھن محاذ پر حوالدار لالک جان نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، اگلے مورچوں پر جا کر دشمن کے سامنے ڈٹ جانے والے اس عظیم مجاہد نے غیر معمولی جرات اور حب الوطنی کی اعلیٰ ترین مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ شہید کی موت قوم کی حیات ہے، حوالدار لالک جان جیسے ہیرو ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔وزیرِ داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ حوالدار لالک جان اور وطن کے دیگر شہدا ہماری شان اور پاکستان کے حقیقی محافظ ہیں، وطنِ عزیز کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ارضِ پاک کے امن و خودمختاری کے لیے دی جانے والی ان قربانیوں کا قرض کبھی نہیں اتارا جا سکتا،نشانِ حیدر کا یہ عظیم وارث پاکستان کے عسکری وقار، قومی خودمختاری اور استحکام کی تابندہ علامت ہے۔ محسن نقوی نے حوالدار لالک جان شہید اور ملک کے تمام شہدا کے خاندانوں کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کیا۔ انہوں نے دہرایا کہ پاکستان کے اس بہادر سپوت کی داستانِ شجاعت رہتی دنیا تک قوم کا فخر اور ہماری تاریخ کا ایک درخشاں اثاثہ رہے گی