فیفا ورلڈ کپ2026،سپین کی فٹ بال ٹیم کوارٹر فائنل میں داخل، پرتگال ٹاپ16میں شکست کے بعد باہر

سپین کی ٹیم فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں پرتگال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 0-1 گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی

ڈیلاس۔7جولائی (اے پی پی):سپین کی ٹیم فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں پرتگال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 0-1 گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔ای ایس پی این کے مطابق میکائیل میرینو نے میچ کے آخری لمحات میں فیصلہ کن گول کر کے اپنی ٹیم سپین کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ سپین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پرتگال کو 0-1 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے نہ صرف باہر کر دیا بلکہ کوارٹر فائنل تک بھی رسائی حاصل کرلی ۔ کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔امریکا کے شہر ڈیلاس میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم مقررہ وقت کے آخری لمحات میں سپین نے فیصلہ کن گول کرکے کامیابی اپنے نام کر لی۔سپین کی جانب سے میکائیل میرینو نے 90ویں منٹ میں شاندار گول سکور کیا، جو میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول ثابت ہوا۔اس شکست کے ساتھ پرتگال کا فیفا ورلڈ کپ 2026 میں سفر اختتام پذیر ہوگیا، جبکہ سپین نے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اپنے آخری ورلڈ کپ کو یادگار نہ بنا سکے۔ ورلڈ کپ ٹرافی جیتنے کا خواب ایک بار پھر ٹوٹنے پر وہ میدان میں جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے۔واضح رہے کہ کوارٹر فائنل میں سپین کا مقابلہ بیلجیئم اور امریکا کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔