پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے چیچہ وطنی سے لاہور لائے جانے والے جعلی دودھ کی بڑی کھیپ پکڑ لی
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے چیچہ وطنی سے لاہور لائے جانے والے جعلی دودھ کی بڑی کھیپ پکڑ لی

مزید خبریں
لاہور۔7جولائی (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے چیچہ وطنی سے لاہور لائے جانے والے جعلی دودھ کی بڑی کھیپ پکڑ لی۔ شاہ عالم مارکیٹ میں کیے گئے کریک ڈائون کے دوران 3,600 لٹر ملاوٹی دودھ برآمد کر کے تلف کر دیا گیاجبکہ ذمہ داران کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اسد اللہ کی سربراہی میں کارروائی کے دوران دودھ کے نمونوں کی جانچ کی گئی، جس میں پانی، ویجیٹیبل گھی، کیمیکلز اور دیگر ممنوعہ اجزا کی ملاوٹ ثابت ہوئی۔ حکام کے مطابق انسانی صحت کے لیے مضر دودھ کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔اسد اللہ نے بتایا کہ گزشتہ ماہ صوبہ بھر میں 26 ہزار 766 دودھ سپلائرز، دکانوں اور یونٹس کی چیکنگ کی گئی، جبکہ ایک کروڑ 15 لاکھ 78 ہزار لٹر سے زائد دودھ کا معائنہ کیا گیا۔ اس دوران 67 ہزار 976 لٹر جعلی اور غیر معیاری دودھ تلف کیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ جعلسازی اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 41 یونٹس اور دکانوں کو سیل کیا گیا، 39 مقدمات درج کرائے گئے، جبکہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والے ایک ہزار 884 افراد اور کاروباری اداروں کو ایک کروڑ 95 لاکھ روپے سے زائد جرمانے بھی عائد کیے گئے۔








